سرگودھا ،تیسری جماعت کی معصوم طالبہ کو زیادتی کے بعد گلا میں پھندا ڈال قتل کردیا گیا،پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا

0

سرگودھا میں تیسری جماعت کی معصوم طالبہ کو زیادتی کے بعد گلا میں پھندا ڈال قتل کر کے مقتولہ کی نعش چھوڑ کر فرار ہونے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر کے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کے علاقہ للیانی میں زمیندار کے اوباش بیٹے نوجوان محمد مبشر نے اپنے ملازم کی بیٹی تیسری جماعت کی طالبہ 9 سالہ سعدیہ سیف کو باغ کنو میں زیادتی کے نشانہ بناتے ہوئے گلے میں اس کی جرسی ڈال کر پھندا دے کر قتل کر دیااور مقتولہ کی برہنہ نعش کنو کے باغ میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ جس کی نعش برآمد کر کے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں پوسٹمارٹم کے بعد طالبہ بچی کی نعش ورثاء کے سپرد کر دی گئی جبکہ مقتولہ طالبہ کے والد محنت کش سیف اللہ کی مدعیت میں اس کے مالک محمد بشیر لک کے بیٹے محمد مبشر کے خلاف زیر دفعہ 302/376/511 ت پ مقدمہ درج کر لیا اس لرزہ خیز واقعہ کا وزیراعلی پنجاب ،آئی جی پنجاب ،آر پی اواورڈی پی او نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی تو ڈی پی او ذوالفقار احمد نے ڈی ایس پی کوٹ مومن سرکل ملک غلام عباس کو فوری قانونی کاروائی کرنے اور ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ جس پر تھانہ کوٹ مومن پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتارکرلیا۔اس واقعہ اور ملزم کی گرفتاری پر ڈی ایس پی کوٹ مومن سرکل ملک غلام عباس نے بتایا کہ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آئے روز واسطہ پڑتا ہے اور پولیس ملزمان کو پکڑنے کیلئے معمول کی قانونی کاروائی کرتی ہے۔ لیکن کچھ جرائم غیر معمولی توجہ کے متقاضی ہوتے ہیں جو نہ صرف پولیس کیلئے ایل چیلنج ہوتے ہیں بلکہ اس علاقہ میں رہنے والے دیگر لوگوں کے اندرخوف ہراس اور غم وغصہ کا باعث بنتے ہیں۔ ایسے ہی ایک وقوعہ موضع للیانی تھانہ کوٹ مومن میں اوباش ملزم نے ایک معصوم طالبہ کو درندگی کا نشانہ بنایا اور قتل کر دیا عوام کے شدید ردعمل کے پیش نظر پولیس نے پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف مقدمہ کو حل کرلیا بلکہ امن و امان کی صورتحال کو بھی برقرار رکھا۔مدعی مقدمہ سیف اللہ کے مطابق وہ اور اسکے بیٹے چارہ کیلئے فصل دھان کاٹ رہے تھے کہ اس کی چھوٹی بیٹی جو کہ تیسری جماعت کی طالبہ ہے قریب باغ میں کنو توڑنے کیلئے گئی اور واپس نہ آئی تلاش کرنے پر انہوں نے دیکھا کہ ملزم مبشر ولد محمد بشیر قوم لک سکنہ للیانی نے زیادتی کی ہے اور جرسی سے گلہ دباکر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ مدعی کے بیان پرفوری مقدمہ درج رجسٹر کیا گیا اور تفتیش مقدمہ عمل میں لاتے ہوئے نعش کا پوسٹمارٹم کروایا گیا موقع سے ملنے والی مادی شہادتیں قبضہ پولیس میں لیکر PFSAلیباٹرری لاہور بھجوائی گئیں ہیں۔ملزم کو جلدوروائتی طریقہ تفتیش اپناتے ہوئے گرفتارکرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو قرار واقعی سزادلوانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں پر خاص توجہ دیں ان کو اکیلا مت چھوڑیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ عام مشاہدہ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے واقعات زیادہ تر وہ لوگ کرتے ہیں جن سے بچے مانوس ہوتے ہیں لہٰذا اپنے آس پاس لوگوں پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ایسی مشکوک سرگرمی پر احتیا طی تدابیر اپنائیں۔
٭٭٭٭٭

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: