شوبزانٹرٹینمنٹ

وینا ملک کے والد نے اسد خٹک کے الزامات مسترد کر دیئے،اسد سے میڑک کی سند مانگ لی

اسد خٹک کے وینا ملک پر سوشل میڈیا پر لگائے گئے الزامات کا جواب دینے اداکارہ وینا ملک کے والد ملک اسلم میدان میں آگئے ہیں۔ملک اسلم نے اسد خٹک کے تمام الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اسد اگر اتنا امیر ہے تو اپنے کاروبار بارے میڈیا کو آگاہ کرے اور اپنی میڑک کی سند بھی دکھائے۔اسد اپنے بچوں کے اکاؤنٹ میں پیسے جمع کروائے تاکہ پتہ چل سکے کہ وہ کتنا امیر ہے اس اکاؤنٹ کی ہمیں ضرورت نہیں ہے۔یہ پیسے بچوں کے ہی ہوں گے ۔اسد ان باتوں کا جواب دے ۔دوسری جانب اداکارہ وینا ملک نے بھی خاموشی توڑی دی ہے اور کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے اسد سے کوئی رابطہ نہیں۔میری اس سے علیحدگی ہو چکی ہے۔ اب میرے لیے یہ شخص اجنبی اور غیر محرم ہے۔ وینا ملک نے کہا کہ اس شخص کے تمام الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ وینا ملک کے والد ملک محمد اسلم نے وینا ملک کے خلاف اسد خٹک کے حالیہ الزامات پر کہا کہ اسد خٹک کے تمام الزامات جھوٹے ہیں اگر وہ بچوں کا خرچہ ادا کر دے تو ہم اس کی بچوں کے ساتھ ملاقات کے لئے تیار ہیں۔ اسد خٹک کے ساتھ وینا کی شادی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسد خٹک کا خاندان دوبئی میں مقیم تھا ,ان کی طرف سے ہمیں رشتہ آیا تو میں اسد اور اس کی فیملی کے افراد سے ملا ,مجھے یہ لوگ اچھے لگے کیونکہ اس فیملی کا تعلق میانوالی کے نواحی قصبہ شکردرہ سے ہے اور ہمارا تعلق بھکر سے ہے, میں نے سمجھا کہ یہ اپنے علاقے کے لوگ ہیں ہمارا لحاظ کریں گے اور میری بیٹی کو سکھی رکھیں گے۔شادی ہوگئی۔شادی کے فوراً بعد اسد نے پر پرزے نکالنے شروع کر دیئے ۔شادی کے چند دن بعد اسد اسلام آباد میں ہمارے گھر آیا اور رات وہیں قیام کیا۔ صبح سویرے وینا کی چیخوں کی آواز آئی،میں ان کے کمرے میں گیا تو وینا رو رہی تھی،کہنے لگی کہ اسد پیسوں کی ڈیمانڈ کر رہا ہے۔ میں نے اسد کو سمجھایا تو وہ میری بات مان گیا ۔آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کا وعدہ لیا۔ اس کے بعد وینا اسد کے ساتھ اس کے گاؤں چلی گئی اور وہاں پر شادی کا فنکشن کیا جس کا سارا خرچہ وینا نے اٹھایا۔ اس کے بعد اسد اور وینا امریکہ چلے گئے ۔وہاں پر بھی شادی کا فنکشن ہوا جس کا خرچہ بھی وینا نے اٹھایا۔ امریکہ میں اسد نے پھر وینا پر تشدد کیا ۔وینا نے مجھے فون پر بتایا کہ اسد پھر پیسے مانگ رہا ہے کہتا کہ کاروبار کرنا ہے۔ میں نے اسد کو فون کیا اور سمجھایا اس نے پھر وعدہ کیا کہ میں آئندہ شکایت کا موقع نہیں دوں گا۔ اس کے کچھ دن بعد وینا اور اسد پاکستان آ گئے اور لاہور میں وینا کے ہی گھر رہنے لگا۔ ایک دن پھر وینا نے مجھے فون کیا کہ اسد نے پھر مجھے مارا ہے آپ لاہور آ جائیں۔ میں نے پھر اسد کو سمجھایا اور اس نے حسب معمول اپنا رویہ درست کرنے کا وعدہ کیا ۔اس کے کچھ عرصہ بعد یہ دونوں پھر امریکہ چلے گئے، اس عرصے میں ان کے دو بچے ہو گئے۔ امریکہ میں کچھ عرصہ قیام کرنے کے بعد دونوں واپس آ گئے اور کراچی میں رہنے لگے وہاں پھر جھگڑا ہوا۔دونوں کراچی میں کچھ عرصہ رہنے کے بعد دبئی چلے گئے اور وہاں سے جرمنی ۔ملک اسلم نے بتایا کہ جرمنی میں میری ایک بیٹی اور داماد رہتے ہیں۔ میری جرمنی والی بیٹی نے اسد کو سمجھایاکہ آپ ہر وقت وینا سے لڑتے رہتے ہیں وہ آپ سے جان چھڑا لے گی، اسد نے کہا کہ میں ایسے ہی وینا کو نہیں چھوڑوں گا سات کروڑ لے کر چھوڑوں گا۔ جرمنی میں کچھ عرصہ قیام کے بعد یہ دونوں واپس کراچی آ گئے۔ کراچی میں دونوں کی پھر لڑائی ہوئی۔ اسد بیٹے کو لے کر دبئی چلا گیا اور وینا بیٹی کو لے کرراولپنڈی آ گئی اور اپنے بھائی کو ساتھ لے کر فیملی کورٹ میں خلع کے لئے درخواست دے دی۔ میں نے اسد کو فون کیا اور کہاکہ واپس آ جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ صلح صفائی کے ساتھ زندگی بسر کرو۔ اسد نے کہا میں آ رہا ہوں مگر وہ نہیں آیا۔ کچھ دن بعد وینا کراچی چلی گئی اور اسد بھی دبئی سے کراچی پہنچ گیا جہاں پر جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم نے دونوں کی صلح کرا دی۔مولانا طارق جمیل نے بھی دونوں کی صلح کروائی تھی۔ صلح کے بعد اسد بیٹے کو لے کر دبئی چلا گیا۔ کچھ دن بعد عید آ گئی اور اسد نے وینا سے کہا کہ بیٹی کو لے کر دبئی آ جاؤ، وینا بیٹی کو لے کر دبئی چلی گئی وہاں پر اسد نے وینا کے بیٹے اور بیٹی کے پاسپورٹ چھپا لیے۔ جس پر وینا نے دبئی کی عدالت میں خلع کے لئے درخواست دائر کر دی۔ اسد نے خلع پر دستخط کر دیئے اور بچوں کی حوالگی بھی وینا کو لکھ دی۔ وینا نے بچوں کے پاسپورٹ مانگے مگر اس نے پھر انکار کر دیا جس کے بعد وینا نے بچوں کے پاکستانی پاسپورٹ بنوائے اور بچوں کو لے کر پاکستان آ گئی اور یہاں آ کر بچوں کے خرچے کا کیس محض اس لئے کرایا کہ اس کی بلیک میلنگ سے بچ سکے ،جب بچوں کے خرچے کا نوٹس کسی طرح اسد تک پہنچا تو اسد نے سوشل میڈیا پر وینا کے خلاف منفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا ،ہمارا اسد کی فیملی کے ساتھ کوئی گلہ نہیں ،وہ اچھے لوگ ہیں، اسد ہمیں بلیک میل کر رہا ہے، اگر وہ بچوں کا خرچ دے تو ہم اسے ان کے بچوں کے ساتھ ملاقات کرانے کو تیار ہیں۔
ملک اسلم نے کہا کہ اسد خٹک جھوٹ کہتا ہے کہ اس کے امریکہ میں گھرہیں۔میں چیلنج کرتا ہوں کہ یہ پاکستان دبئی یا امریکہ میں اپنے پانچ مرلے کے گھر کے کاغذات دکھادے،اس غریب کے ساتھ اس لئے شادی کی تاکہ یہ وفادار رہے، والد ویناملک نے کہا کہ اسد خٹک کے سارے اخراجات وینا ملک خود اٹھاتی رہی،اسد جھوٹا کہتا ہےویناملک ان کے بچوں کوغیرقانون طریقے سے پاکستانی لائی۔اگر غیر قانونی ہی ہے تو یہ کیس کرے۔اسد خٹک بچوں کا خرچہ دے اس کی بچوں کے ملنے پر کوئی پابندی نہیں۔ملک اسلم نے کہا کہ
میں آج بھی اس کی عزت کرتا ہوں کہ یہ میرے نواسوں کاباپ ہے،یہ شخص اب بچوں کا سہارا لے کر سب کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش میں لگا ہے۔

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: