چین،روس نے پابندیوں پر امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا

امریکا پابندیاں ختم کرے ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے ،چین

چین نے روسی جنگی سامان خریدنے کی پابندی پر امریکا کو سنگین نتائج سے خبردار کر دیا۔۔ پابندیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ امریکا چین کو روس سے لڑاکا طیارے خریدنے سے نہ روکے ورنہ اس کے نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہے۔ بیجنگ میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے واشنگٹن کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’چین کو امریکا کے نامناسب اقدام پر سخت تشویش ہے‘۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم امریکا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی غلطی سدھارے اور پابندیوں کو ختم کرے ورنہ اسے اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں’۔روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ سجئی ریابکوف نے بیجنگ کے رد عمل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکا آگ سے کھیل رہا ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’آگ سے کھیلنا بے وقوفی ہے اور اس کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں‘۔ جمعرات کو امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین روس سے ایس یو 35 جنگی طیارے اور زمین سے فضا تک مار کرنے والے ایس 400 میزائل خرید رہا ہے، یہ خریداری امریکا کی جانب سے اس روسی پابندی کے زمرے میں آتی ہے جو 2016ء میں روس کی جانب سے امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت اور یوکرین میں فوجی کارروائی کے بعد لگائی گئی ہے

You might also like

Comments are closed.