فیاض الحسن چوہان نے اپنی خواہش ظاہر کردی

پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے پروڈیوسر، رائٹر اور ہدایات کارسماجی و معاشرتی مسائل، اخلاقی برائیوں، سماجی رویوں اور انسانی المیوں پر مبنی ایسے سٹیج ڈرامے تیار کریں جو معیاری تخلیق، جاندار اداکاری اورتفریحی و اصلاحی مقاصد کے آئینہ دار ہوں اور شہریوں کو بامقصد تفریحی سہولیات مہیا کریں۔ حکومت پنجاب فنون لطیفہ کے فروغ اور ترویج و ترقی کے لئے ہر ممکن معاونت کرے گی۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی آرٹس کونسل میں سینئر فنکاروں خواجہ مسعود، عاصمہ بٹ، باطن فاروقی، یار محمد، عمران رشدی، منور آفریدی، انجم حبیبی، شاہد مغل، شہناز خان اور دیگر آرٹسٹوں کے ایک اجلاس کے دوران کہی اس موقع پر ڈائریکٹر راولپنڈی آرٹس کونسل وقار احمد، ڈائریکٹر اطلاعات راولپنڈی حامد جاوید اعوان،ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد احمدبھی موجود تھے۔ اجلاس میں فنکاروں نے صوبائی وزیر کو آرٹسٹوں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ راولپنڈی آرٹس کونسل کے پلیٹ فارم سے معیاری سٹیج ڈرامے پیش کئے جا رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے آرٹسٹوں کے ڈرامہ فیسٹول کے لئے مقابلے کا اعلان کیا اور کہاکہ بہترین پروڈکشن پر انعامات دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ اطلاعات و ثقافت نے صوبے میں صاف ستھری تفریحی سرگرمیوں کی راہ ہموار کی ہے اور ہم اس بات کے لئے کوشاں ہیں کہ تہذیب کے دائرے میں رہتے ہوئے پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کیا جائے اور فنکاروں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے فنکاروں نے اپنی اعلی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے ایسے شاندار ڈرامے اور پروگرام پیش کئے ہیں اور ایسی فلمیں دی ہیں جو آج بھی عوام کے دلوں میں نقش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسی جذبے کو پھر سے زندہ کرکے عوام کو طنز و مزاح اور سبق آموز ڈراموں،فلموں اورشوبزکے پروگرامو ں میں آگے بڑھنے کے مواقع دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں قوائد و ضوابط اور پالیسیوں میں تبدیلی لا کر اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ سٹیج ڈراموں میں منفی رجحان کا خاتمہ ہو اور ایسے تخلیق سامنے آئے جو اخلاقی اقدار کے منافی نہ ہو۔انہوں نے اس موقع پر حکومت پنجاب کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آرٹسٹوں کو آگاہ کیا۔

You might also like

Comments are closed.