الحمراء میں چترال کلچرل شو ,بھرپور پرفارمنسز

ملک بھر کی ثقافت کے تمام علاقائی رنگ پیار اور محبت کا پیغام دیتے ہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل

لاہورآرٹس کونسل الحمراء میں چترال کلچرل شو کا انعقاد ہوا۔ الحمراء کے پلیٹ فارم پر علاقائی ثقافت کے بھرپور رنگ پیش کئے گئے۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل اطہرعلی خان نے چترال اور کیلاش کلچرل شو کے انعقاد کے حوالے سے بتایا کہ اس سے بین الصوبائی یک جہتی اور پاکستان کے ثقافتی حسن کے رنگوں کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی،تمام ثقافتی گروپس کی پرفارمنس بے حد متاثر کن تھی،

لاہور میں مقیم چترال اور کیلاش کے طالب علموں کی اپنے علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرنا انکے محب وطن ہونے کا آئینہ دار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری علاقائی ثقافت مختلف رنگ کے پھولوں کی مانند ہے جس سے خوشبودار گلدستہ بنتا ہے۔فیسٹیول میں چترالی گلوکار شجاع الحق نے ساتھیوں سمیت بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا اور عوام سے خوب دادسمیٹی۔ چترال کلاسیکل میوز ک کے علاوہ روایتی کیلاشہ رقص بھی پیش کیا گیا۔مجموعی طورپر عوام نے چترال اور کیلاش کلچرل شو میں وہاں کی منفرد شناخت اور پہچان کے رنگ دیکھے جو قابل تحسین وستائش تھے ایسے پروگرام ملک بھر کی فضاء کو پیار،محبت اوررواداری کے رنگ میں رنگنے کا باعث بنتے ہیں،جو ملک ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہیں۔قبل ازیں رواں ہفتے الحمراء کے پلیٹ فارم پر گلگت بلتستان کی ثقافت کے رنگ بھی پیش کئے گئے تھے،جنہیں عوام نے بے حد پذیرائی بخشی تھی۔ عوام کی اسی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہورآرٹس کونسل ملک بھر کی ثقافت کو عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے تاکہ ہم ایک دوسرے سے متعلق آگاہ ہوسکیں جس سے امن و محبت فروغ پائے گا۔

You might also like

Comments are closed.