شوبزانٹرٹینمنٹ

جب فلموں میں کام کررہا تھا تو وقت نہیں تھا،بریک لے کر فلاحی کام کرنے نکل کھڑا ہوا،اپنے کام سے بے حد محبت کرتا ہوں ،ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں، بالی ووڈ اداکار

Bolti News

بھارتی فلموں کے معروف کامیڈی اداکار جونی لیور نے کئی عرصے بعد بالی ووڈ میں واپسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کام سے بریک لے کر انسانیت کی خدمت کرنے اور خدا کا شکر کرنے نکل گئے تھے۔جونی لیور کا شمار بھارتی فلموں کے صف اول کے مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ”بازیگر”، ”عشق”، ”کچھ کچھ ہوتا ہے” سمیت سینکڑوں فلموں میں جاندار اداکاری کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔ تاہم وہ گزشتہ کافی برسوں سے فلموں میں نظر نہیں آرہے تھے لیکن اب انہوں نے بالی ووڈ ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلم ”کولی نمبر 1” کے ری میک کے ذریعے دوبارہ فلموں میں واپسی کی ہے۔ حال ہی میں جونی لیور نے بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے فلموں سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب وہ فلموں میں کام کررہے تھے تو ان کے پاس فلاحی کام کرنے کے لیے بالکل بھی وقت نہیں تھا لہذا انہوں نے فلموں سے بریک لیا اور فلاحی کام کرنے لگے۔جونی لیور نے بتایا کہ وہ ایک مزدور تھے اور ہندوستان لیور میں کام کرتے تھے لیکن خدا نے انہیں کامیابی اور بہت پیسے سے نوازا جس کے متعلق انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا اس لئے وہ خدا کا شکر کرنے کیلئے انسانیت کی خدمت کرنے نکل کھڑے ہوئے۔جونی لیور نے مزید کہا یہ آپ کا فرض بنتا ہے کہ جن لوگوں نے آپ کو کامیاب بنایا سٹار بنایا تو آپ بدلے میں ان کیلئے کچھ کریں۔ ایک ایک آرٹسٹ کے گھر جانا ان کی تکلیفوں کے بارے میں سننا۔ وہ تمام آرٹسٹ جو کسی زمانے میں اسٹارز تھے لیکن اب انہوں نے برسوں سے کیمرہ نہیں دیکھا ان تمام آرٹسٹوں کی پرابلمز کو جاننے میں مجھے بہت سکون ملا اوران سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔جونی لیور بہت عرصے بعد فلموں میں واپسی کررہے ہیں اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پہلے اتنا ٹیکنیکل کام نہیں ہوتا تھا جتنا آج ہوتا ہے لیکن پہلے کے لوگ محنت کرتے تھے اور ان کا کام دل کو چھو جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کام سے بے حد محبت کرتا ہوں اور ہر وقت کچھ نہ کچھ نیا سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔
٭٭٭٭٭

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: